حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، 23 اکتوبر 2026ء بروز جمعہ، العصر اسلامی مرکز صادق آباد میں مولانا محمد عمران مطہری کی امامت میں نمازِ جمعہ ادا کی گئی۔ جس میں اہلِ سنت اور اہلِ تشیع کے درمیان اخوت، اتحاد اور وحدتِ امت کی خوب صورت جھلک دیکھنے میں آئی۔
اس موقع پر اہلِ سنت برادران کی صفِ اول میں موجودگی کو باہمی احترام، اسلامی اخوت اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کی علامت کے طور پر پیش کیا گیا۔

اس اجتماع نے اس قرآنی تعلیم کی یاد دہانی کرائی کہ مسلمانوں کو باہمی اختلافات اور تفرقے سے بچتے ہوئے اللہ تعالیٰ کی رسی کو مضبوطی سے تھامنا اور اتحاد و یکجہتی کے ساتھ زندگی گزارنا چاہیے۔
خطیب جمعہ نے خطبات کے دوران کہا: قرآن کریم میں ارشادِ الٰہی ہے: وَاعْتَصِمُوا بِحَبْلِ اللَّهِ جَمِيعًا وَلَا تَفَرَّقُوا۔ ’’اور سب مل کر اللہ کی رسی کو مضبوطی سے پکڑ لو اور تفرقے میں نہ پڑو۔‘‘ (سورۂ آل عمران: 103)۔
مولانا محمد عمران مطہری نے مزید کہا: اسلامی اخوت، باہمی رواداری اور وحدتِ امت کے پیغام کو خدا اور رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی نگاہ میں بہت اہمیت حاصل ہے۔ آج کا ہمارا یہ اجتماع اس حقیقت کی ترجمانی کرتا ہے کہ مسلمانوں کے درمیان مشترکہ دینی اقدار، توحید اور بندگیِ پروردگار کا رشتہ باہمی قربت اور اتحاد کی بنیاد فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے کہا: امتِ مسلمہ کے درمیان محبت، بھائی چارے اور باہمی احترام کے فروغ سے مسلمانوں کی طاقت بھی اجاگر ہوتی ہے کہ جس سے پتا چلتا ہے کہ اختلافات کو باہمی دوری اور انتشار کا سبب بنانے کے بجائے مشترکہ دینی و ملی مقاصد کے لیے یکجہتی کو فروغ دیا جائے۔
خطیب جمعہ نے آخر میں کہا: دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس اجتماع کو اتحادِ امت کے فروغ کا ذریعہ قرار دے، مسلمانوں کے درمیان اخوت و محبت کو مستحکم فرمائے اور امتِ مسلمہ کو ہر قسم کے بغض، عناد اور تفرقے سے محفوظ رکھتے ہوئے وحدت و یکجہتی کی راہ پر گامزن فرمائے۔










آپ کا تبصرہ